راولپنڈی۔9مارچ (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نےشمالی وزیرستان میں 8 سے 9 مارچ تک دو مختلف کارروائیوں میں تقریباً دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ دیگر تین زخمی ہو گئے ہیں۔ہفتہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ ملٹری کے میڈیا ونگ نے مطلع کیا کہ 8 مارچ کو خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ اس کے بعد علاقہ سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے سلسلہ میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید چار دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ہلاک کر دیا ۔
شمالی وزیرستان کے ضلع میں ایک الگ کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کی نقل و حرکت جو پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے کو سیکیورٹی فورسز نے پکڑ لیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گردوں، دہشت گرد حضرت عمر اور دہشت گرد رحمان نیاز کو بھی جہنم واصل کر دیا گیا، جبکہ تین دیگر دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے والے دہشت گردوں کوافغان سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں