راولپنڈی۔31مئی (اے پی پی):شمالی وزیرستان کے علاقے اسپنوام میں پولیو ٹیم کے تحفظ پر مامور سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کرکے پولیو ٹیم کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 31 مئی 2023 ء کو دہشت گردوں نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپنوام میں تعینات پولیو ٹیم کے ارکان پر فائرنگ کرکے جاری پولیو مہم میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔
پولیو ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تعینات سیکیورٹی فورسز نے ٹیم کے تمام ارکان کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور انہیں بغیر کسی نقصان کے باہر نکالا۔تاہم سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع مردان کے رہائشی 25 سالہ سپاہی ثاقب الرحمان شہید ہوگیا ۔
علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیور ٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔