شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں بھارتی سپانسر دہشت گرد فتنہ الخوارج کے خود کش حملے میں 13 جوان شہید،جوابی کارروائی میں 14 خوارج کو جہنم واصل ۔آئی ایس پی آر

3
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔28جون (اے پی پی):شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں بھارتی سپانسر دہشت گرد فتنہ الخوارج کے خود کش حملے میں 13 جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 14 خوارج کو جہنم واصل کیاگیا۔ہفتہ کو آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو ایک بزدلانہ حملے میں جو دہشت گرد ریاست بھارت کی منصوبہ بندی اور معاونت سے اس کے آلہ کار گروہ "فتنہ الخوارج” کے ذریعے نشانہ بنایا گیا،ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے قافلے کے آگے موجود دستے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ تاہم مایوسی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج نے ایک بارود سے بھری گاڑی کو قافلے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دیا۔

اس افسوسناک اور سفاکانہ واقعے میں پاکستان کے 13 سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ اس حملے میں 3 معصوم شہری، جن میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، شدید زخمی ہوئے۔ اس واقعہ میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں صوبیدار زاہد اقبال (45 سال، ضلع کرک)،حوالدار سہراب خان (39 سال، ضلع نصیرآباد)،حوالدار میاں یوسف (41 سال، ضلع بونیر)،نائیک خطاب شاہ (34 سال، ضلع لوئر دیر)،لانس نائیک اسماعیل (32 سال، ضلع نصیرآباد)،سپاہی روحیل (30 سال، ضلع میرپور خاص)،سپاہی محمد رمضان (33 سال، ضلع ڈیرہ غازی خان)،سپاہی نواب (30 سال، ضلع کوئٹہ)،سپاہی زبیر احمد (24 سال، ضلع نصیرآباد)،سپاہی محمد سخی (31 سال، ضلع ڈیرہ غازی خان)،سپاہی ہاشم عباسی (20 سال، ضلع ایبٹ آباد)،سپاہی مدثر اعجاز (25 سال، ضلع لیّہ)،سپاہی منظر علی (23 سال، ضلع مردان) شامل ہیں۔

جوابی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کی کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گردوں (خوارج) کو واصل جہنم کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں آپریشن جاری ہے، اور اس بزدلانہ حملے کے تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔افواجِ پاکستان کا عزم ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ہمارے شہداء اور معصوم شہریوں کی قربانیاں ہمارے اس غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں کہ ہم ہر قیمت پر اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔