سیئول۔30جون (اے پی پی):شمالی کوریا نے جنوبی کوریا، جاپان اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’نیٹو کا ایشیائی ورژن‘ قرار دیا ہے اور ’مہلک نتائج‘ سے متعلق خبردار کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے یہ بیان اتحادیوں کی تین روزہ ’فریڈم ایج‘ نامی فوجی مشقوں کے بعد سامنے آیا ہے۔اتحادی فوجیوں نے بیلسٹک میزائل اور ایئر ڈیفنس، آبدوز شکن جنگ اور دفاعی سائبر تربیت کی مشقیں کیں۔گزشتہ برس امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان کے رہنماؤں نے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شمالی کوریا کے جوہری خطرات اور چین کے بڑھتے ہوئے علاقائی اثر و رسوخ کے تناظر میں اتحاد کی علامت کے طور پر سالانہ مشقیں کرنے پر اتفاق کیا تھا۔