اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرستوں میں ووٹروں کے شناختی کارڈ کے مطابق مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹوں کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے جو 31 مارچ تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں اندراج و منتقلی ووٹ کے وصولی فارم کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ معلومات و شکایات کیلئے بھی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ووٹ کے اندراج اور منتقلی کیلئے فارم 21، اعتراضات یا ووٹ کے خاتمہ کیلئے فارم 22 اور نام و پتہ کی درستگی کیلئے فارم 23 جاری کیا گیا ہے۔ ووٹ کے اندراج کی تفصیلات کیلئے 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی معلومات لی جا سکتی ہیں۔ اس وقت ملک میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے جس میں 5 کروڑ 92 لاکھ 43 ہزار سے زائد مرد اور 4 کروڑ 67 لاکھ 56 سے زائد خواتین ووٹرز ہیں جبکہ 31 مارچ کے بعد اس میں معقول اضافہ کی توقع ہے۔