گلگت۔25اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ذاکر حسین نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث راوشن کے مقام پر شندور روڈ پر رکاوٹ کو ہٹانے اور اس کی کی فوری بحالی کے لیے این ایچ اے کی مشینری متحرک ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ قلیل مدت میں متبادل راستہ کی تعمیر کے لیے بھی باقاعدہ منظوری حاصل کر لی گئی ہے، اور اس پر کام تیزی سے جاری ہے۔
منصو بہ کے تحت بائی پاس بنا کر ایک پل کے ذریعہ سڑک کو مرکزی شاہراہ سے منسلک کیا جائے گاتاکہ آمد و رفت میں آسانی پیدا ہو اور عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کیا جا رہا ہے۔
ہم متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی مشکلات کے فوری ازالے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے مقامی آبادی سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون جاری رکھیں تاکہ بحالی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔