شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے قومی سلامتی کےمشیرلیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے پاکستان کےموقف کوموثر انداز میں پیش کیا،چوہدری نعیم کریم

3

کوئٹہ۔ 27 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے پاکستان کے موقف کو موثر انداز میں پیش کیا اوربلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کے ٹھوس اورناقابل تردید شواہد دنیا کے سامنے پیش کئے۔رابطہ آفس کوئٹہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کو ایک بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے ،یہاں بھارت کی جانب سے پہلگام واقع کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تنظیم اجلاس میں پاکستان نے بلوچستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھارت کے براہ راست ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت دنیا کے سامنے پیش کئے اور مطالبہ کیا کہ تمام ممالک ان ریاستوں کے اقدامات کا محاسبہ کریں

جنہوں نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس اور بہت سے دوسرے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور سرپرستی کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں طویل عرصے سے ہونے والی دہشت گردی میں اب تک سینکڑوں بے گناہ افراد اور سیکورٹی فورسز کے جوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے دنیا کے سامنے دہشت گردی میں ملوث بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرکے دنیا کے سامنے اسکے اصل چہرے کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف پاکستان میں جاری جنگ میں اب تک پاک فوج اوردیگرسکیورٹی اداروں کے جوان اپنے خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں۔

انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان کے موقف کو بہتر انداز میں پیش کرنے اور بھارت اور بھارت کے پہلگام واقعہ کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش ناکام بنانے پر خواجہ آصف اورانکی ٹیم کو مبارکبادپیش کی۔