شنگھائی تعاون تنظیم کا دو روزہ اجلاس بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا محور رہا ، علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے اجلاس کی اہمیت کو نمایاں کورکیا

90
'SCO Summit 2024'
Shanghai Cooperation Organization

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے کونسل آف حکومتی سربراہان کے دو روزہ اجلاس بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا محور رہا اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لئے اجلا س کی اہمیت اجاگر ہوئی۔ مختلف بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی جانب سے وسیع کوریج نے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی اہمیت کو تسلیم کیا اور اجاگر کیا ۔

رکن ممالک کے رہنمائوں کی سربراہ اجلاس میں شرکت اور باہمی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ عالمی ذرائع ابلاغ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں تجارت، اقتصادی ترقی اور سلامتی کے بارے میں بات چیت کے بارے میں تفصیلی رپورٹ کیا، جس میں رکن ممالک نے مشترکہ چیلنجز پر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ غیر ملکی میڈیا ہائوسز نے شرکا کے درمیان ہونے والی بات چیت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس عالمی استحکام اور ترقی کی جانب پیش رفت کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے نہ صرف رکن ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہوا بلکہ عالمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ واشنگٹن میں قائم ووڈرو ولسن سینٹر فار اسکالرز کے جنوبی ایشیا کے ماہر مائیکل کوگلمین نے کہا کہ یہ سربراہی اجلاس پاکستانی حکومت کے لیے واقعی ایک بڑے اعزازکی بات ہے۔

انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایاکہ ایس سی او کا کامیاب انعقاد اس بات کا اہم ثبوت ہے کہ پاکستان غیر ملکیوں کے لئے محفوظ ملک ہے، انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اس اجلاس سے اور خاص طور پر قریبی اتحادی چین سمیت پڑوس کے اہم ممالک کی اعلی سطحی شرکت سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے۔