24.6 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومتجارتی خبریںشنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس علاقائی استحکام کے لئے انتہائی اہمیت...

شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس علاقائی استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ناصر ایم قریشی

- Advertisement -

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آیئ) کے صدر ناصر ایم قریشی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کا سربراہی اجلاس علاقائی استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اسلام آباد کو باوقار ایس سی او کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے، یہ تقریب علاقائی استحکام، خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

پیر کو روز چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس کانفرنس کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) میں اقتصادی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت ہوگی جس سے رکن ممالک کے لئے نئے مواقع اور شراکت داری سامنے آئے گی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ چین اور روس کی قابل قیادت کے ساتھ ہمیں یقین ہے کہ یہ کانفرنس ایک متوازن عالمی طاقت کو متحرک کر سکتی ہے جس سے پورے خطے میں سماجی و اقتصادی اثر و رسوخ میں اضافہ ہو گا، متعدد چیلنجز کے باوجود اسلام آباد کی تاجر برادری پاکستان اور خطے کے لئے اس تقریب کی اہمیت کو بخوبی سمجھتی ہے، ہم اس عرصے کے دوران اپنی معاشی قربانیوں کو عظیم تر قومی مفاد اور علاقائی استحکام کے لئے ایک شراکت کے طور پر دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا یقین ہے کہ جو قلیل مدتی نقصانات ہم برداشت کر رہے ہیں وہ بالآخر طویل مدتی امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرے گا، یہ قربانی صرف پاکستان کے فائدے کے لئے نہیں بلکہ تمام ایس سی او رکن ممالک کی اجتماعی بھلائی کے لئے ہے۔

صدر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ ہم امید اور دعا کرتے ہیں کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے نتائج علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دیرپا امن اور سلامتی کا باعث بنیں ، ہم حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایسے اقدامات پر غور کرے جن سے مقامی کاروباروں پر پڑنے والے معاشی اثرات کو کم کیا جا سکے،

ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ اس طرح کی قربانیوں کو علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ہماری قومی شراکت کا ایک لازمی حصہ تسلیم کیا جائے۔صدر ناصر ایم قریشی نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے کامیاب کانفرنس اور بہترین نتائج کے لئے دعا کرتے ہیں جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں