بشکک ۔ 14 جون (اے پی پی) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کا 19واں اجلاس جمعہ کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں شروع ہو گیا۔ اجلاس میں تمام رکن اور مبصر ممالک کے قائدین شریک ہیں۔ کرغزستان کے صدر سورنبے جین بیکوف نے اجلاس کے مقام پر آمد پر وزیراعظم عمران خان سمیت تمام رہنماﺅں کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس کی کارروائی کے آغاز سے پہلے تمام رہنماﺅں نے گروپ فوٹو بنوایا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں پاکستان، بھارت، چین، تاجکستان، روس، ازبکستان، قزاخستان اور کرغزستان مستقل ارکان اور بیلاروس، افغانستان، ایران اور منگولیا کے صدور مبصر ممالک کے نمائندوں کی حیثیت سے شرکت کر رہے ہیں۔ کرغزستان کے صدر سورنبے جین بیکوف، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، روس صدر ولادی میر پیوٹن، قزاخستان کے صدر قاسم جومرت توکوف، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، ایران کے صدر حسن روحانی، بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی، بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو، منگولیا کے صدر خالتماجن بٹوگلا اور افغانستان کے صدر اشرف غنی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شریک ہیں۔