شنگھائی تعاون تنظیم کے 8رکن ممالک کے رہنما بشکک سربراہ اجلاس میں سکیورٹی سمیت دیگر اہم ایشوز کا جائزہ لیں گے، ولادیمیر نوروف

126

بیجنگ ۔ 10 جون (اے پی پی) شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ولادیمیر نوروف نے کہا ہے کہ تنظیم کے 8رکن ممالک کے رہنما اس ہفتہ کرغزستان کے دارلحکومت بشکک میں سربراہ اجلاس میں سکیورٹی سمیت دیگر اہم ایشوز کا جائزہ لیں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم بعض اہم عالمی اور علاقائی ایشوز اور ایس سی او ممالک اور خطہ کے امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ولادیمیر نوروف نے کہا کہ تنظیم کے گزشتہ اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ اور ماہرین نے بعض دستاویزات تیار کی تھیں جن پر اب ان ممالک کے رہنما دستخط کریں گے۔ ایس سی او کے مبصرین اور ڈائلاگ پارٹنرز کے درمیان تعاون کے لئے ایک روڈ میپ تیار کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کی شمولیت سے شنگھائی تعاون تنظیم کی اتھارٹی میں اضافہ ہوا ہے ولادیمیر نوروف نے کہا کہا کہ متعدد ممالک تنظیم میں مبصر یا ڈائلاگ پا رٹنر کے طورشمولیت چاہتے ہیں تاہم سربراہ اجلاس میں سکیورٹی ایشوز سر فہرست ہو گا۔