شنگھائی میں منعقد ہونے والی عالمی تجارتی نمائش انٹر ٹیکسٹائل میں شرکت کے لئے 31 دسمبر تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں،ٹی ڈی اے پی

107

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان نے کہا ہے کہ شنگھائی میں ہونے والی تین روزہ عالمی تجارتی نمائش ” انٹر ٹیکسٹائل” میں شرکت کے لئے 31 دسمبر 2021 تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ ٹی ڈی اے پی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق چین کے شہر شنگھائی میں عالمی تجارتی میلہ 9 تا 11 مارچ 2022 انعقاد پذیر ہوگا۔

بین الاقوامی تجارتی نمائش میں کاٹن، وول، سلک، لینن و ہاتھ سے تیار فیبرکس ، ڈینم ، بچوں کے لباس، کھیلوں کے ملبوسات سمیت لیسز اور اسیسریز وغیرہ تیار و برآمد کرنے والے ادارے شرکت کے ذریعے اپنی مصنوعات کی نمائش اور درآمد کنندگان سے کاروباری معاملات طے کر سکیں گے جس سے قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ تین روزہ بین الاقوامی تجارتی نمائش انٹر ٹیکسٹائل شنگھائی میں شرکت کے لئے 31 دسمبر 2021 تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں ، اس حوالے سے مزید معلومات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔