بیجنگ۔27نومبر (اے پی پی):شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین حیدر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے چین کے شہر سوزہو میں شینگزے اورینٹل ٹیکسٹائل سٹی کا دورہ کیا اور مقامی ٹیکسٹائل اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران قونصل جنرل حسین حیدر نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ترجیحی پالیسیوں پر توجہ مرکوزکرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے ماحول کا تعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی چین کو ٹیکسٹائل کی برآمدات بنیادی طور پر سوتی دھاگے، ملبوسات، سوتی کپڑے اور گھریلو ٹیکسٹائلز پر مشتمل ہیں، جن میں خاص طور پر کاٹن یارن کا حصہ کل اجزاء کا 73 فیصد ہے۔
چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی قونصل جنرل نے شینگز کے سلک اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے کلسٹر کے ساتھ مضبوط تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے شینگز کے کاروباری اداروں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں بارے خود آگاہی حاصل کرنے کی دعوت دی۔شینگز اپنی ریشم اور ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے ایک بھرپور تاریخ کے ساتھ مشہور ہے۔
قونصل جنرل نے امید ظاہر کی کہ شینگزے اورینٹل ٹیکسٹائل سٹی کے ساتھ مزید رابطے جڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شینگز ے کے کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور فیکٹریاں قائم کرنے کی دعوت دیتے ہیں، جس کا مقصدٹیسکٹائل کے شعبے میں باہمی فائدے حاصل کرنا اور چین پاکستان تعاون کو مزید گہرا کرنے میں کردار ادا کرنا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414598