شورکوٹ ۔ 07 اپریل (اے پی پی):ضلع کونسل جھنگ کے زیر اہتمام جشن بہاراں کی رنگا رنگ تقریبات کے انعقاد کے حوالہ سے خصوصی جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔جس میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی فیصل حیات جبوآنہ،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سلطان سکندر بھروانہ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی شیخ محمد یعقوب سمیت دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ضلع کونسل کے چیف آفیسر مہر محمد اکرم بھروانہ نے جشن بہاراں کے حوالہ سے ترتیب دیئے گئے
پروگراموں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مرکزی اور دیگر اہم تقریبات مائی ہیر سٹیڈیم میں منعقد ہونگی جس میں نیزہ بازی، گھوڑا ڈانس، کبڈی، کرکٹ و دیگر کھیلوں سمیت پھولوں کی نمائش اور دیگر رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ اسٹالز، تفریحی اور دیگر موسیقی ،تقافتی پروگرامز، مرد وخواتین اور بچوں کےلئے خصوصی انتظامات کے ساتھ منعقد کئے جائینگے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ جشن بہاراں کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے مائی ہیر سٹیڈیم کا دورہ کریں اور وہاں عوامی تفریح کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کو جشن بہاراں کے قبل مکمل رکھیں، تاکہ جشن بہاراں کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کے علاوہ تمام تقریبات اور پروگراموں کی خصوصی سیکورٹی کا بندوبست کیا جائیگا۔ اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکورٹی پلان جاری کریں جبکہ چیکنگ اور پارکنگ کےلئے بھی موثر اقدامات کئے جائیں، جشن بہاراں کے کامیاب انعقاد کےلئے تمام متعلقہ محکموں کے افسران باہمی رابطوں کو موثر بنائیں اور اپنے ذمے ٹاسک کو انتہائی ذمہ داری کے ساتھ پورا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579160