شورکوٹ ۔ 29 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی ایوننگ جائزہ میٹنگ میں انسداد پولیو مہم کے ٹارگٹ اور اعداد وشمار کا جائزہ لیا۔جس میں محکمہ صحت کے افسران نے بتایا گیا کہ انسداد پولیو مہم کے پہلے تین روز میں ٹیموں نے 5 لاکھ 31ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے گئے۔ ڈپٹی کمشنرنے تینوں روز کی کوریج اور کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں تک رسائی حاصل کرکے انہیں ضرور پولیو ویکسین پلائیں تاکہ مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکیں اور کیچ اپ ڈیز کی کوریج میں زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل ہو۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر اور صحت مند مستقبل کےلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور کیچ اپ ڈیز کے دوران کسی بھی وجہ سے رہ جانے والے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین ضرور پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہیلتھ افسران مہم کے آخری یوم تک سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے حوالہ سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور محکمانہ سروسز کو بہتر سے بہتر ین بنانے کےلئے ضلع کے ہر کونے تک رسائی حاصل کرکے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلائیں جائیں جبکہ اس تناظر میں متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کوآرڈی نیشن کومزید موثر اور فعال بنائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603017