شورکوٹ ۔ 27 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرنے انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نونہالوں کو پولیوسے بچاوکے قطرے پلائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہمار ا مشن ہے۔ پولیو کے خلاف موثر اور پائیدار اقدامات کی بدولت آئندہ نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی جاری مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سرتوڑکوششیں کی جائیں اور مائیکروپلان کے مطابق روزانہ کا ہدف مکمل کریں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
ڈپٹی کمشنرعلی اکبر بھنڈرنے انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کے حوالہ سے گزشتہ روز جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی اورپہلے روز کے اہداف کے حوالہ سے ویکسین پینے والے بچوں کے اعدادوشماراور محکمانہ کارکردگی بارے آگاہ کیا کہ پولیو مہم کے پہلے روز میں ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 1 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے مہم پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے پولیو ٹیموں کو ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں نبھانے کی تاکید کی اور کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں، ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی یقینی اور بچوں کو قطرے پلانے کی اہم ذمہ داری میں غفلت نہ کی جائے۔اجلاس کے دوران مہم پر عملدرآمد اور مانیٹر نگ کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔