سکھر۔ 24 مئی (اے پی پی):سکھر کی مقامی عدالت نے مختلف كیسز میں 5ملزمان کو پھانسی کی سزا سنا دی ۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور کے فرسٹ ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ جج کی عدالت نے 3 مختلف مقدمات میں 5 ملزمان کو سزائے موت سنادی ہے ۔ تھانہ گڑھی یاسین کی حدود میں 4 سال قبل شادی شدہ جوڑے مسمات لیلان لاشاری اور شہزادو جتوئی کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے امداد جتوئی اور احسان لاشاری کو سزائے موت سنا دی ، اس کے علاو تھانہ گھیجہ کے گاؤں عزت جی وانڈہ میں چچا کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم خالد جونیجو کو پھانسی اور 52 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے جبکہ عدالت نے عزت جی واندھ گاؤں گھیجہ میں دوہرے قتل کا جرم ثابت ہونے پر 2 ملزمان محمد رفیق اور تاجل جونیجو کو سزائے موت سنادی ہے ۔