شہادت حسینؓ تاریخ انسانی کا وہ عظیم واقعہ ہے جسے رہتی دنیا تک تاریخ کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی،صاحبزادہ خالد قاسمی

117
Sahibzada Khalid Qasmi
Sahibzada Khalid Qasmi

فیصل آباد۔ 15 جولائی (اے پی پی):مرکزی علما کونسل پاکستان کے وائس چیئرمین صاحبزادہ پیر جی خالد محمود قاسمی نے کہا کہ شہادت حسینؓ تاریخ انسانی کا وہ عظیم واقعہ ہے جو رہتی دنیا تک زندہ و تابندہ رہے گا اور تاریخ اسے کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی لہٰذاصحابہ ؓ و اہل بیتؓ کے کردار کو عام کرکے ہمیں امن اور رواداری کی فضا کو قائم کرنا ہوگا۔وہ انجمن مدنیہ حنفیہ کارخانہ بازار کے زیر اہتمام سالانہ شہادت کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی علماکونسل پاکستان ریاست کے ساتھ ہے اور قوم سے اپیل کرتی ہے کہ یوم عاشورہ کے موقع پر حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ بھرپور و غیر مشروط تعاون کیا جائے اورسب بحیثیت قوم اتحاد و اتفاق کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے سمیت عشرہ محرم کے انتہائی حساس ایام میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے ہر صورت انتشا رسے بچیں تاکہ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یاجاسکے۔

مرکزی جنرل سیکرٹری مرکزی علما کونسل پاکستان علامہ شاہ نواز فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فلسفہ فاروقی ؓ و فلسفہ حسینی ؓ پر عمل پیرا ہوکر باطل قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کے اندر تمام طبقات میں ہم آہنگی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ اسلام امن پسند مذہب ہے جبکہ اسلام کے عادلانہ چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی بھی بیحدضرورت ہے۔

ڈپٹی جنرل سیکرٹری مرکزی علما کونسل پاکستان مولانا شبیر احمد عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلام کی سچائیوں میں صحابہؓ و اہل بیت ؓ کی تعلیمات کو واضح کرکے اپنے دینی اور معاشرتی فرائض کو ادا کرنا ہے۔ مولانامفتی محمد طیب مدیر جامعہ امدادیہ فیصل آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سا لمیت و دفاع افواج پاکستان کی مضبوطی سے مشروط ہے اسلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

چیئرمین متحدہ علماپاکستان مولانامفتی محمد ضیامدنی نے اجتماع کے آخر میں وطن عزیز پاکستان کی بقا،سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا کروائی۔