شہبازشریف دو بار وزیراعلیٰ رہے جن کی 17ہزار ٹرانزیکشن پکڑی گئیں،چپڑاسیوں کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے جواب دینا ہوگا، وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

74
شہبازشریف دو بار وزیراعلیٰ رہے جن کی 17ہزار ٹرانزیکشن پکڑی گئیں،چپڑاسیوں کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے جواب دینا ہوگا، وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

فیصل آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ دو مرتبہ پنجاب اور ان کے بھائی تین مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہے لیکن وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک دھلے کی کرپشن نہیں کی،ان کی 17ہزار ٹرانزیکشنز پکڑی گئی ہیں اور ان کے چپڑاسیوں کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے ڈالے گئے۔

وہ اتوار کے روزچباں روڈ پرواقع ہجویری میرج ہال کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر ساڑھے سات ارب روپوں کی ٹی ٹیز کے ذریعے کرپشن کے کیس ہیں مگر وہ اس کو تسلیم کرنے یا ان ٹرنزیکشنز کی رسیدیں فراہم کرنے اور اپنے ذرائع آمدن بتانے سے قاصر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے رمضان شوگر مل کے 14ملازمین کے نام جعلی اکاؤنٹ کھلوا کر 16ارب روپے کی کرپشن کی جبکہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ کے ذریعے 4ارب روپے منتقل کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بار بار پوچھنے پر بھی شہباز شریف یہ بتانا گوارہ ہی نہیں کر رہے کہ مقصود چپڑاسی کون ہیں جس کے اکاؤنٹ سے ان کے نام پر اربوں روپے کے کھاتے ادھر سے ادھر منتقل کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے مشہور درباریوں نے بھی کرپشن کی انتہا کر دی۔ ان درباریوں نے اپنی سیاست کی ابتداء ویسپا سکوٹر سے کی اور آج وہ اپنی اور اپنے آقاؤں کی کرپشن چھپانے کیلئے عدالتوں پر حملہ کرنے اور ان کا گھیراؤ کرنے کی گڈر بھبکیاں لگارہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگیوں کا یہ شوروغل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ چور ہیں اور انہوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں عدلیہ آزاد ہے جس کی وجہ سے اب طاقتور کو بھی قانون کا خوف پیدا ہوگیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتساب کے نام پر عوام سے ووٹ لئے اس لئے وہ احتساب کا اپنا انتخابی وعدہ اور منشور میں دیا گیا مشن پورا کر کے رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نہ صرف آئین اور قانون موجود ہے بلکہ اس پر عملدرآمد کیلئے ادارے بھی موجود ہیں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ جب بھی شریف خاندان اقتدار میں آیا ہے اس نے لوٹ مارکا بازارگرم کئے رکھالیکن جب ان سے کرپشن کا حساب مانگا جاتا ہے تو وہ آئیں بائیں شائیں کرتے اور دھمکی آمیز رویہ اپناتے ہوئے عدالتوں سے راہ فرار اختیار کرلیتے ہیں۔ مگر اب انہیں اپنی کرپشن اور لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی اور حکومتی اداروں کے ساتھ سنگین مذاق کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا طریقہ یہ رہا ہے کہ پہلے خوب لوٹ مار کرو اور اگر اپنے جانے کا ڈر ہو تو پیسہ چلاؤ اور اگر پیسے سے کام نہ چلے تو ڈرانا دھمکانا اور اداروں پر حملے شروع کردو۔

انہوں نے کہا کہ کل سابق وزیرقانون نے ایک بیان دیا جو انتہائی قابل افسوس ہے جس میں انہوں نے عدالتوں پر پھر حملے کی بات کی ہے لیکن اب ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے کیسز جن عدالتوں میں ہیں اب وہاں ایسا ماحول پیداکیا جارہا ہے کہ متعلقہ حکام کو دباؤ میں لایا جائے تاکہ ان کے خلاف فیصلے نہ آسکیں۔لیکن انہیں توقع ہے کہ فیصلے میرٹ کی بنیاد پر اور ہر قسم کے دباؤ کو بالا طاق رکھ کر کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے بھی انہیں اسی لئے سسلیسن مافیا کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے مشہور درباری جتنا مرضی بھاگ لیں یا ڈرا دھمکا لیں، حکومت ان سے مرعوب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ گیدڑ بھبکیوں اور دھمکیوں سے وہاں کام لیا جاتا ہے جہاں آپ کے پاس بریت اور بے گناہی ثابت کرنے کیلئے کچھ نہ ہو۔

وزیرمملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کھلے عام عدلیہ کو دھمکیاں دینا افسوسناک ہے اوررانا ثنا اللہ خاں کا بیان آزاد عدلیہ پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد عدلیہ کیلئے جدوجہد کی تھی اس لئے ہم کسی کو آزاد عدلیہ پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی رپورٹ میں یہی کہا گیا کہ قانون مکمل نافذ نہیں جس کی وجہ ماضی کے شریف اور زرداری خاندان ہیں جنہوں نے قانون کو اپنے گھر کی باندھی بنائے رکھا اور وہ کرپشن پر پکڑے جانے کے خوف سے ہم آواز ہو کر قانونی اداروں کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں لیکن ہم ان کی کوششوں کو ناکام بنادیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ شریف برادران نے مقصود چپڑاسی کو مفرور کروایا ہے کیونکہ انہیں خوف ہے کہ اگر وہ پکڑا گیا تو ان کا سارا کچاچٹھا کھول دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سلیمان شہباز بھی اپنے اوپر لگائے الزام کا جواب دینے کی بجائے ملک سے فرار ہیں حالانکہ انہیں نواز شریف کی طرح کوئی بیماری نہیں۔ لہٰذاان سے پوچھنا چاہئے کہ وہ وطن واپس آکر اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کیوں نہیں دھو رہے۔

فرخ حبیب نے سینٹ سے واضع اکثریت نہ ہونے کے باوجود مختلف بلوں کے پاس ہونے پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپوزیشن کے ارکان نے سینٹ میں نہ آکر حکومتی مؤقف کی تائید کی اور ملک و قوم کے مفاد میں پیش کئے گئے بلوں کی منظوری میں حکومت کی معاونت کی جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیراعظم عمران خان 9فروری کو فیصل آباد ڈویژن میں صحت کارڈ کے اجراء اعلان کریں گے جس سے فیصل آباد ڈویژن کا ہر گھرانہ سالانہ 10لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال میں علاج کروا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رواں سال عوام کو واضح ریلیف دے گی اور قومی خدمت کا سفر جاری رہے گی۔