اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول کی رائے کے مطابق اگر الیکشن کمیشن اور نیب میں اصلاحات ان اداروں نے خود ہی کرنا ہیں تووہ جانیں اور ان کا کام جانے، پھر پارلیمان کا اداروں کی اصلاحات میں کوئی کردار نہیں۔
منگل کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تجویز انتہائی زیرک ہے کہ اگرانتخابی اصلاحات الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہیں اور پارلیمان کا کوئ کردار نہیں تو پھر نیب کے قانون میں اصلاحات بھی نیب ہی کوکرنے دیں، وہ جانیں اور ان کا کام کیونکہ شہباز شریف اور بلاول کی رائے کے مطابق پارلیمان کا اداروں کی اصلاحات میں کوئ کردار نہیں۔
وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کا بھی حوالہ دیا جس میں وہ ن لیگ کے احسن اقبال کو دلیل سے سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ ای ووٹنگ مشین کی صرف مخالفت اس لئے کرنا چھوڑ دیں کہ عمران خان کی حکومت میں اس پر کام ہوا۔ آرٹی ایس سسٹم بیٹھنے کی باتیں کرنے والے یہ سمجھ لیں کہ ای ووٹنگ مشین انٹرنیٹ سے منسلک نہیں ہے۔