شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کا قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ غیرآئینی ہے،انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے،معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ

69

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے ملک میں قبل ازوقت انتخابات کے مطالبے کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے، موجودہ حکومت انتخابات میں شفافیت لانے اور انتخابات میں دھاندلی کا منحوس سایہ ختم کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کوششیں کر رہی ہے، حکومت 1 کروڑ 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو آٹے، چینی، دالوں اور گھی میں سبسڈی دینے جا رہی ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس فرد واحد کیلئے نہیں ہے، نیب چیئرمین یا چیف الیکشنر کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ ہو، چاہتے ہیں کہ باہمی مشاورت سے ان کی تعیناتی ہو، آرڈیننس اسی قانونی سپرٹ کو برقرار رکھتا ہے، آئین میں صدر کو آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے، آرڈیننس میں سوسائٹی سپیسفک شقوں کو مانا گیا ہے جبکہ پرسن سپیسفک شقوں کو ختم کیا گیا ہے۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کی تھی، گزشتہ چیئرمین کے مقابلے میں ان کی کارکردگی بہترین رہی ہے، اپوزیشن چیئرمین نیب کے معاملے پر ڈیڈلاک پیدا نہ کرے، ڈیڈلاک سے ادارہ غیرفعال ہو جائے گا تو بحران پیدا ہو گا، اپوزیشن حکومت کے ساتھ بیٹھے اور کسی بھی نام پر اتفاق رائے کر لے۔

انہوں نے کہا کہ 1970ءکے بعد ملک میں ایک بھی ایسے انتخابات نہیں ہوئے جن پر دھاندلی کا الزام نہ لگا ہو لیکن اس کے باوجود کسی حکومت نے انتخابی نظام میں بہتری کیلئے کوشش نہیں کی، تحریک انصاف پہلی حکومت ہے جو انتخابات میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے ہر طرح سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سپورٹ کرنے کیلئے تیار ہے، چاہتے ہیں کہ ایسے انتخابات ہوں کہ جن پر کوئی بھی دھاندلی کا الزام نہ لگا سکے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے انتخابات میں دھاندلی کا خاتمہ ہو گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ پانچ سے ساڑھے پانچ فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے اسلئے حکومت رواں مالی سال کے دوران مقرر کردہ ٹیکس کلیکشن ہدف حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔