شہباز شریف صاحب، یہ وہ ہی فیصل آباد ہے جسے ن لیگ ٹیکسٹائل کا قبرستان بنا کر گئی تھی،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

47

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف صاحب، یہ وہ ہی فیصل آباد ہے جسے ن لیگ ٹیکسٹائل کا قبرستان بنا کر گئی تھی، آج فیصل آباد ٹیکسٹائل اور اس سے منسلک صنعتیں چل رہی ہیں، بجلی کے مہنگے منصوبوں کی وجہ سے 2023 تک 1500ارب کے کیپسٹی چارجز ادا کرنا پڑیں گے، حکومت عوام کوسستی بجلی فراہم کرنے کے لئے ڈیمز بنا رہے ہیں۔

بدھ کو وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے شہبازشریف کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں گزشتہ سال 6 روپے فی یونٹ کے سولر آئی پی پی ٹیرف پر معاہدے کئے گئے ہیں،عمران خان کی قیادت میں حکومت کے دانشمندانہ پالیسیوں اور فیصلوں سے ملک ترقی اور عوام خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ 40 تا 60 لاکھ خاندانوں کو غربت سےاوپر اٹھانے کے لئے کامیاب پاکستان پروگرام لانچ کیا جارہا ہے،احساس پروگرام کے ذریعے پسے ہوئے طبقات کی خدمت کررہے ہیں، احساس پروگرام کے لئے رواں سال 260 ارب تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ فوڈ سکیورٹی پر ہے، ہنگامی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، گزشتہ مالی سال کے دوران کسانوں کو 1100 ارب اضافی دیئے گئے ہیں۔