اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بدعنوانی کیسز کا سامنا ہے اور وہ گزشتہ تین سالوں سے کیسز کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومت کیلئے ملک میں سنجیدہ مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اپوزیشن جماعتیں اپنے دور حکومتوں کے دوران خود کو بدعنوانی کیسز سے بچانے کیلئے قانون کو چکمہ دیتی رہی ہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ذاتی مفادات کیلئے قومی اثاثوں کو استعمال نہیں کیا جس طرح اپوزیشن جماعتیں ماضی میں کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں حقیقی معنوں میں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے۔