اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کیا اور سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا جبکہ کینیا کے صدر نے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
پیرکو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستانی قوم اور میڈیا برادری کی جانب سے واقعہ پر شدید تشویش سے کینیا کے صدر کو آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے مرحوم ارشد شریف کی میت کی جلد وطن واپسی کے لئے ضابطے کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی درخواست کی۔
بیان کے مطابق کینیا کے صدر نے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کینیا کے صدر نے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ جلد فراہم کرنے اور مرحوم ارشد شریف کی میت کی واپسی کے عمل کو تیز بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔