لاہور۔1جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہعیدِ قرباں پر پاکستان بھر کے تمام بڑے شہروں بالخصوص لاہور میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کی بدولت لوگوں کی سنت ابراہیمی کی انجام دہی احسن طریقے اور بغیر کسی دقت کے ممکن ہو سکی،
پاکستان بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں بالخصوص لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، وزراءِ اعلی، چیف سیکٹریز اور ضلعی انتظامیہ کی اس امر میں کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور انتطامیہ کے ان اہل کاروں کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے عید قرباں اپنے پیاروں سے دور، فرائض کی انجام دہی میں گزاری اور اپنے شہروں کو تعفن اور گندگی سے پاک رکھا، میں پاکستانی عوام کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے انتظامیہ کی آواز پر لبیک کہا اور تعاون سے یہ سب ممکن بنایا۔