اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار محمد شہباز شریف 201 ووٹ لیکر قائد ایوان اور وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہو گئے۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن کی بنیاد پر وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ ممبران کو دو ڈویژن میں تقسیم کیا گیا تھا۔
بعد ازاں ووٹوں کی گنتی کے بعد ارکان کو واپس ایوان میں بلایا گیا جس کے بعد نتیجے کا اعلان کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف نے 201 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کئے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔وہ ڈویژن کے وقت بدستور اپنی نشست پر براجمان رہے جبکہ علماء اسلام پاکستان کے اراکین نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔