اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ ملکی صورتحال بہتر مگر کرپشن زدہ اشرافیہ کی حالت نازک ہے،پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔
ہفتہ کو اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ مولانا کی فوری الیکشن کی خواہش مضحکہ خیز ہے،مولانا کی الیکشن کی خواہش دراصل اقتدار میں واپسی کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر اور ای وی ایم کے زریعے ہوں گے اورآنے والا وقت بھی عمران خان کا ہے جبکہ چور لٹیروں کی اقتدار میں واپسی خواب و سراب ہے۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ اس وقت صرف کرپٹ ٹولہ مشکل میں ہے اور عوام جانتے ہیں کہ ملک اس وقت بہتری کی طرف گامزن ہے۔عوام جانتے ہیں کہ ملک کو اس دلدل میں پھنسانے والے کون ہیں اور سنبھالنے والا کون ہے جبکہ کرپشن کے مہارتھیوں کے پروپیگنڈے کسی کام نہیں آئیں گے۔