شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

32
شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

سوات۔ 04 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے باجوڑ دھماکے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل شہید کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہید فیصل اسماعیل کا تعلق اوڈیگرام، سوات سے تھا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

امیر مقام نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل اسماعیل جیسے فرض شناس، دلیر اور باوقار افسران قوم کا سرمایہ اور فخر ہیں۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ثابت کیا کہ پاکستان کے بہادر سپوت کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملک کی سلامتی، استحکام اور عوام کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ پوری قوم ان کے جذبے، بہادری اور عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔ امیر مقام نے مزید کہاکہ ہم شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکومت ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ریاست، عوام اور ادارے متحد ہیں۔ دہشت گردوں کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا۔ ہم آپریشن بنیان مرصوص کے جذبے سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے علاقائی امن و امان کے قیام میں سول افسران، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مقامی حکام، انتظامیہ اور سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔