اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں ۔ ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے دشمن کے خلاف بے مثال جرأت، بہادری اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ شہید کی قربانی ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دے کر سچے سپاہی ہونے کا ثبوت دیا، قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی، بہادری اور فرض شناسی کو ہمیشہ فخر سے یاد رکھے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور سلامتی کی ضمانت ہیں، کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظمت اور شجاعت کو سلام پیش کرتے ہیں۔