گلگت۔8اپریل (اے پی پی):شہداء گیاری کی11ویں برسی کے سلسلے میں بروز ہفتہ ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل کاشف خلیل ستارہ جرات تھے۔ آ ئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق کمانڈر ایف سی این اے نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور رجمنٹ کے ایک چاق و چو بند دستے کے ہمراہ شہدا کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر موجود بچوں نے شہداء کی یاد میں دعائیہ کلمات پڑھے۔مہمان خصوصی کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ آج کی اس تقریب کا انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اپنے شہیدوں کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کے حب الوطنی کا اعلیٰ ثبوت دیاجو کہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمارے دشمنوں نے مختلف ہتھکنڈوں سے ہماری نظریاتی اساس اور جغرافیائی سرحدوں کو پامال کرنے کی کوشش کی تاہم ہماری قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی وطن سے لازوال محبت، جذبہ قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت دشمن کے عزائم میں ہمیشہ رکاوٹ بنے رہے۔ سیاچن دنیا کا سب سے بلند ترین جنگی محاذ ہے جو کہ موسمی اور ماحولیاتی اعتبار سے ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سال 2012 میں گیاری پر برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا جو کہ پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک بڑا سانحہ ہے جس میں دفاعِ وطن کے عظیم جذبے سے سر شار 140 فوجی اور سویلین افراد شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔
کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ یومِ شہداء گیاری کے موقع پر ہم پاک فوج کے اِن شہداء اور غازیوں کی جرأت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ اس تاریخی دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہم یہ عہد کریں کہ ہم بھی راہِ حق کے اِن شہیدوں اور غازیوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دفاع وطن کے فریضے کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز رکھیں گے اور اپنی ارضِ پاک کو بلندی کی منزلوں کی طرف گامزن رکھیں گے۔