
اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے اقوام متحدہ میں یورپی سفیر کارل ہیلرگارڈ سے جنیوا میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، کرفیو اور قابض بھارتی فوج کی نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر یورپین سفیر کارل ہیلر گارڈ نے کہا کہ یورپی یونین کو کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ یورپی یونین کشمیر کی صورتحال پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے، ہم وہاں انسانی حقوق کی ابتر پر بھی مسلسل نظر رکھے ہوئےہیں۔ کارل ہیلرگارڈ نے کہا کہ یورپی یونین وزیر اعظم عمران خان کی کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ کارل ہیلرگارڈ نے کہا کہ ہم افغان مہاجرین کی مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ یورپی مشن اقوم متحدہ میں تعینات پاکستانی مشن سے قریبی رابطے میں ہے۔ ہم مختلف ایشوز پر تبادلہ خیالات کر تے ہیں۔ اس موقع پر شہریارخان آفریدی نے یورپی یونین کے سفیر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، 66 روزہ کرفیو اور قابض فوج کی کشمیری نوجوانوں کو ٹارگٹ کرنے کی پالیسی پر بریفنگ دی۔ شہریارخان آفریدی نے کہا کہ اس سے قبل کہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے دنیا کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ کشمیر جنوبی ایشیاءمیں دو ہمسایوں کے درمیان نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ستر سال سے حقوق کے متلاشی کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق رکھتے ہیں۔