اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):عیدالفطر کے موقع پر جڑواں شہروں میں ٹیکسی و رکشہ ڈرائیورز کی چاندی رہی اور پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے من مانے کرائے وصول کئے تاہم شہریوں کی بڑی تعداد نے عید پر نجی آن لائن کیب کے استعمال سے بھرپور استفادہ کیا ۔عید کے موقع پر یہ بات مشاہدے میں آئی کہ مجموعی طور پر پبلک ٹرانسپورٹ اکا دکا رہی تاہم ٹیکسی ڈرائیوروں نے مسافروں کی مجبوری کا خوب فائدہ اٹھایا۔
عید کے روز جڑواں شہروں کے مابین اور اندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر تھی جس کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والوں، عزیز و اقارب سے ملنے ملانے کیلئے جانے والوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیکسی ڈرائیوروں نے خوب من مانیاں کیں اور معمولی مسافت کے بھی بھاری کرائے وصول کئے۔ شہریوں نے نجی کیب سروس کو متبادل کے طور پر استعمال کیا اور آن لائن بائیک سروس سے بھی استفادہ کیا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577842