شہریوں کو تمام ممکن ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،گرانفروشی، ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کو برداشت نہیں کیاجائے گا، میاں فرخ حبیب

90
اعتماد کرنے پر اپنے قائد عمران خان کا تہہ دل سےشکریہ ادا کرتا ہوں، ‏وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا ٹویٹ

فیصل آباد ۔28اپریل (اے پی پی):پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماو وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہرکے حوالے سے پیدا شدہ سنگین صورتحال اور ماہ رمضان کے باعث شہریوں کو تمام ممکن ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اسی لئے شہریوں کو ضروریات زندگی کی تمام اشیا کنٹرول نرخوں پر فراہم کی جارہی ہیں جبکہ اس سلسلہ میں کسی قسم کی گرانفروشی، ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کو برداشت نہیں کیاجائے گانیزحکومت کو کورونا وائرس کی وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے سخت چیلنجز درپیش ہیں لہٰذایہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ مل کروباسے بچاؤ کی تدابیراورمعاشی چیلنجز سے نمٹنے کا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے اسلئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت قبول نہیں جبکہ ماہ رمضان المبارک میں قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو لوٹنے والے گرانفروش کسی رعایت کے مستحق نہیں لہٰذا ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا اور گرانفروشوں،ذخیرہ اندوزوں کو عبرت کا نشان بنادیا جائیگا کیونکہ دولت کے پجاری اور ذخیرہ اندوز مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کررہے ہیں ایسے عناصر نہ صرف عوام دشمن ہے بلکہ خوف خدا سے بھی عاری ہے جن کے قلع قمع کیلئے سرکاری مشینری متحرک ہوچکی ہے اور ضلعی انتظامیہ نے گرانفروشوں کے لیے فوری عملی اقدامات اٹھادئیے ہیں تاکہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے مصنوعی طوفان کا تدارک کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کرنے والے عناصر کو نہ صرف گرفتار کیا جائے گابلکہ سخت سے سخت سزائیں بھی دی جائیں گی اورانتظامیہ ان کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں برتے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اوروزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار لاک ڈاؤ ن جیسے حالات میں عوام کوریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کرچکے ہیں اور اب رمضان المبارک میں اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی ہے ایسے حالات میں ذخیرہ اندوز،گرانفروش مہنگائی کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں جن کے قلع قمع کیلئے حکومتی مشینری اور انتظامیہ متحرک ہوچکے ہیں جن کے اقدامات سے عوام کو فوری ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہاکہ کورونا ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل پیرا ہو کرہی کورونا وائرس کے خدشات سے بچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت محدود وسائل کو دانشمندی سے بروئے کار لاکر شہریوں کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کررہی ہے تاہم ابھی خطرات پوری شدت سے بڑھ رہے ہیں جن سے مل کر نبردآزما ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو کورونا کے ساتھ معاشی چیلنجز بھی درپیش ہیں جبکہ یہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کا ہے اورقوم اس وقت متحد ہو کر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے لیکن اپوزیشن موجودہ بحرانی کیفیت میں بھی اپنی سیاسی دکانداری چمکانے سے باز نہیں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلے خوشی سے نہیں مجبوری میں کئے جارہے ہیں لیکن عوام کے تعاون سے ہم آزمائش کی اس گھڑی میں ضرور جلد سرخرو ہو ں گے۔