شہریوں کو مون سون کے دوران حادثات سے بچنے کیلئے آگاہی دی جائے، ڈپٹی کمشنر

165

گجرات۔ 18 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کا بارش کے بعدنکاسی آب کے حوالے سے شہر کا دورہ، واسا حکام، مشینری اور فیلڈ عملہ نکاسی آب کے مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں۔جن علاقوں میں زیادہ آمد ورفت ہے ایسے علاقوں میں زیادہ مشینری (ڈی واٹرنگ، سکر مشینیں) لگائی جائیں تاکہ ان علاقوں میں مسائل درپیش نہ آئیں۔

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے شہری علاقوں کے دورہ کے موقع پر ہدایات جاری کیں اس دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، واسا، میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سے متوقع اربن فلڈنگ، برساتی نالوں اور دریائے چناب میں سیلاب کی صورت سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے-انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام انتظامات بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ عملہ چوکس رہیں تمام روڈ سائیڈز ڈرین ڈیسلٹنگ کو جاری رکھا جائے اورتمام مقامات پر نکاسی آب کے نظام کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اس کے علاوہ مون سون ایمرجنسی کیمپس میں مشینری کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کے دوران فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو مون سون کے دوران حادثات سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے آ گاہی دی جائے۔