شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری،پنجاب ٹریفک پولیس

پنجاب ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو گھر بیٹھے جدید آن لائن ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، جبکہ لاکھوں شہری اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

لاہور۔27جون (اے پی پی):پنجاب ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو گھر بیٹھے جدید آن لائن ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، جبکہ لاکھوں شہری اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اب تک1 کروڑ54 لاکھ سے زائد شہری گھر بیٹھے اپنا ای-لائسنس ڈائون لوڈ کر چکے ہیں، جبکہ2 لاکھ28 ہزار سے زائد ملکی و اوورسیز پاکستانی انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی آن لائن حاصل کر چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے56 لاکھ76 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ74 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن اپنے ڈرائیونگ لائسنس کو ٹریک کیا۔ انہوں نے کہا کہ دستک ایپ کے ذریعے نیو لرنر لائسنس، ریگولر لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس سمیت متعدد سہولیات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

ای-لائسنس کی قانونی حیثیت اور افادیت کارڈ والے لائسنس کے برابر ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے آن لائن سروسز کا بڑھتا ہوا استعمال پنجاب ٹریفک پولیس پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹریفک پولیس ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید آن لائن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق "دستک ایپ” کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔