بھکر۔ 19 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نے شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری بے مثل آپریشن کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ شہر کو جاذب نظر بنانے اور شہر کے باسیوں کو بازاروں میں خریدوفروخت کیلئے کھلے بازار اور کشادہ سڑکیں فراہم کریں گے تاکہ بے ہنگم ٹریفک کے بوجھ سے شہریوں کو نجات دلوائی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کے ہمراہ اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،اسسٹنٹ کمشنر خضر رزاق منج اور خصوصی مجسٹریٹ عدنان جمیل بھی تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے محمدی چوک سے مسلم بازار اور جی پی او چوک تک تفصیلی معائنہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے دوکانداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی دکانوں پر یکساں طرز پر مشتمل تین فٹ اونچائی کے سائن بورڈز ایک ترتیب میں منظم انداز سے لگائیں تاکہ سائن بورڈز کی یکساں ترتیب سے بازار دلکش اور خوبصورت نظر آئیں۔انہوں نے بازاروں کے صدور سے کہا کہ وہ دو دن کے اندر سائن بورڈز نصب کروائیں بصورت دیگر غیر معاون عناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جس بازار میں آپریشن مکمل ہوچکا ہے وہاں اگلے مرحلے میں بجلی اور فون پولز کو ہٹانے کا مرحلہ شروع کیا جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ کسی دوکان دارکیساتھ زیادتی نہیں ہوگی آپریشن صرف ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جلد شہر کو خوبصورت اور جاذب نظر بنائیں گے۔