لاہور۔2اپریل (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت کےلئے لاہور ٹریفک پولیس انسدادِ کائٹ فلائنگ اقدامات کر رہی ہے۔ منگل کو جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ شہر کے مختلف چوک اور چوراہوں میں موٹرسائیکل سواروں میں فری حفاظتی وائر لگانے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 15 ہزار سے زائد سیفٹی وائرز تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد شہریوں کو بچاؤکے حوالے سے ایجوکیٹ کیا گیاہے۔ سی ٹی او لاہور نے تمام ایس پی صاحبان اور ڈویژنل افسران کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سوار خود حفاظتی وائر لگوائیں تاکہ ڈور پھرنے جیسے خوفناک حادثات سے بچا جاسکے۔ سی ٹی او نے تمام وارڈنز کو چوک وچوراہوں میں لٹکتی ڈور اور دھاتی دھاگوں پر بھی خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے شہر یوں سے بھی اپیل کی ہے کہ سب اپنے اردگرد چھتوں پر خصوصی نظر رکھیں، یاد رکھیں آپ کی پتنگ کی کٹی ڈور، کسی کی سانسوں کو کاٹ سکتی ہے ۔