لاہور۔9جون (اے پی پی):انسپکٹر جنر ل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے شہریوں، پولیس افسران اور جوانوں کو عید الاضحی کی مبارکباددی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر پولیس ہائی الرٹ رہی، نمازیوں اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔شہریوں کو سنت ابراہیمی کی پرامن ماحول میں ادائیگی اور امن کا قیام یقینی بنایا گیا۔
صوبائی دارالحکومت میں 9ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار مساجد،امام بار گاہوں اور عید اجتماعات کی سکیورٹی پر تعینات کیے گئے تھے جبکہ حساس مساجد، امام بار گاہ، عید گاہوں، کھلے مقامات اور پارکوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 28ہزار سے زائد مساجد، امام بارگاہوں، 890کھلے عید اجتماعات پر 43ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ لاہور میں نماز عید کے 5ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر 6ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات کیے گئے۔
صوبہ بھر میں سپیشل پولیس اور کیو آر ایف ٹیموں نے بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 12ہزار میٹل ڈکٹیٹرز، 225واک تھرو گیٹس، 10ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نماز عید سکیورٹی انتظامات کیلئے استعمال کیے گئے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام سپروائزری افسران نے عید الاضحی پر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود چیکنگ کی۔
ڈولفن سکواڈ،پی آر یو، ایلیٹ فورس کی ٹیموں نے عبادت گاہوں اور قبرستانوں کے گرد مسلسل پٹرولنگ کی۔قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ شہری قربانی کی کھالیں پنجاب چیرٹی کمیشن سے منظور شدہ اداروں اور تنظیموں کے علاوہ ہرگز کسی کو نہ دیں۔کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں دینا یا کسی بھی قسم کی معاونت قانونا جرم ہے۔
انہوںنے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر منظور شدہ تنظیموں، دھونس اور دھمکی سے کھالیں حاصل کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔