ملتان۔ 30 اپریل (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص بیکری مصنوعات تیار کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں بوریوالا میں امجد ٹاؤن میں ایک بیکری پر چھاپہ مارا گیا جس میں ناقص میٹریل سمیت 1800 خراب اور بدبودار انڈوں کو تلف کر دیا گیا اور تاحکم ثانی بیکری بھی بند کر دی گئی۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ خراب انڈوں کو بیکری آئٹمز کی تیاری میں استعمال کیا جانا افسوسناک ہے۔
شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی ۔ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ بیکری کے پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار اور صفائی کے ناقص انتظامات تھے۔قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر بیکری مالکان کو بہتری تک کام سے روک دیا گیا۔ محمد عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ خوراک کی تیاری میں ناقص اور غیر معیاری مواد کا استعمال جرم ہے ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590636