شہری اب اپنی شکایات کی پیش رفت بآسانی ٹریک کر سکیں گے،سیف سٹیزاتھارٹی

92
شہری اب اپنی شکایات کی پیش رفت بآسانی ٹریک کر سکیں گے،سیف سٹیزاتھارٹی

لاہور۔3مارچ (اے پی پی):پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے 15 ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی کالز کے موثر اور بروقت ازالے کے لیے ایک جدید ٹریکنگ پورٹل متعارف کروایا ہے۔ اس پورٹل کا بنیادی مقصد عوامی فلاح کے لیے قائم کردہ مراکز کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا اور شہریوں کو ان کی درخواستوں اور شکایات کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ جدید پورٹل ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی، اور ورچوئل سنٹر فار مائناریٹیز کے تحت درج کی گئی شکایات کی تازہ ترین معلومات فراہم کرے گا۔

شہری اب اپنی شکایات اور درخواستوں کی پیش رفت کو موثر اور آسان انداز میں ٹریک کر سکیں گے۔ پورٹل کے استعمال کے لیے ہر درخواست گزار کو ایک یوزر نیم اور پاسورڈ فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ کسی بھی وقت اپنی شکایت کی موجودہ صورتحال چیک کر سکتے ہیں۔

اگر شہری اپنی درخواست یا سروس کے حوالے سے مطمئن نہ ہوں تو وہ فیڈ بیک دے کر مزید شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا یہ اقدام شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے اور عوامی فلاح کے لیے قائم کردہ مراکز کے نظام میں شفافیت کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔

شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ فوری مدد اور شکایات کے حل کے لیے ٹریکنگ پورٹل کا استعمال کریں۔ اپنی شکایت کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے https://feedback.psca.gop.pk/وزٹ کریں۔