شہری درخت لگا کر، شاپنگ بیگز استعمال نہ کرکے انسانی اور زمینی زندگی کو بڑھا سکتے ہیں، صدر وویمن چیمبرسیالکوٹ

141
President Woman Chambersialkot
President Woman Chambersialkot

سیالکوٹ۔15جولائی (اے پی پی):صدر وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم نعمان نے کہا کہ شہری درخت لگا کر، شاپنگ بیگز استعمال نہ کرکے انسانی اور زمینی زندگی کو بڑھا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ’’ نو ٹو پلاسٹک‘‘ مہم کےتحت آبی ماحولیاتی نظام کو لاحق خطرات ،آلودگی کو کم کرنا اور ماحولیاتی معیار کو بڑھا کر انسانی صحت بہتر بنانے کے تاریخی اقدامات پر عملدرآمد کیا جاسکتا ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا حکومت پنجاب کی ہدایات پر پلاسٹک بیگز پرمکمل پابندی ہے ۔یہ پابندی پنجاب حکومت کی نو ٹو پلاسٹک مہم اور حکومت کے ماحول دوست گرینڈ پلان کا حصہ ہے۔ اس منصوبے میں صنعتی آلودگی، کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور ہوا کو صاف کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے اقدامات شامل ہیں۔

پابندی کا مقصد پلاسٹک سے انسانی زندگی، جنگلی حیات اور آبی ماحولیاتی نظام کو لاحق خطرات کو کم کرنے ، آلودگی کو کم کرنا اور صاف شفاف ماحولیاتی نظام کے معیار کو بڑھانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے انوائر منٹ چیمبر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینار کے دوران کیا ۔ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے انوائر منٹ چیئرمین چوہدری جہانگیر نے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کی ایک بار استعمال ہونے والی اشیاءجن میں کانٹے، چمچے، پلیٹیں ، چھریاں ، اسٹرا، پیالے، ریپنگ شیٹس، ڈسپوزل فوڈ باکسزاور شاپنگ بیگز شامل ہیں جن کی پیداوار اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

عوام سے التماس ہے کہ کپڑے کے تھیلے اور برتن وغیرہ استعمال کریں کیونکہ پلاسٹک بیگز ماحول دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ نو ٹو پلاسٹک مہم جاری ہے۔ شہر اقبال سمیت پنجاب کو سرسبز بنانے، سموگ، زہریلے دھوئیں سے پاک کرنے اور انسانی صحت بہتر بنانے کے تاریخی اقدامات پر عملدرآمد کرنا ہماری اور عوام کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں، ماحول دوست ایندھن، جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے ماحولیاتی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں ، پلاسٹک سے بنے تھیلے اور دیگر اشیا جلانے سے پیدا ہونے والا زہریلا دھواں کینسر اور دیگر بیماریاں پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتالوں اور علاج کی سہولیات کی طرح ماحول کی بہتری کےلئے پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری بھی انسانی صحت اور زندگی کو بہتر بنانے کے عمل کا حصہ ہے۔ قومی سطح پر سوشل میڈیا کے استعمال سے نو ٹو پلاسٹک مہم کی آگاہی کو عوام تک بآسانی پہنچایا جا جا سکتا ہے۔بعدازاں صدر وویمن چیمبر ڈاکٹر مریم نعمان نے دکاندار، شاپنگ مالز، ریستوران، تندوروں سمیت تمام افراد سے اپیل کی کہ پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کرنے کی مہم کا ساتھ دیں، انسانی صحت کو بہتر بنانے اور سموگ کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

گھروں میں بھی پلاسٹک بیگز اور پلاسٹک کی دیگر اشیا خاص طور پر کھانے پینے کے برتن استعمال نہ کریں۔ شہری اور میڈیا ۔ماحول اور انسانی صحت کے اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور مہم کوکامیاب بنانے میں مدد کریں۔آگاہی سیمینار کے موقع پر ایگزیکٹو ممبر نادیہ قیصر ، لیگل ایڈوائزر لبنیٰ تبسم اور ندیم غوری سمیت دیگر ارکان بھی موجود تھے ۔