فیصل آباد۔ 23 نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد ڈاکٹراسفند یارنے کہا کہ سموگ کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کی طرف سے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم سموگ کی صورت میں مضر اثرات سے بچنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر پر بھرپور عملدرآمد کریں ۔
انہوں نے بتایا کہ موسم سرما میں دھند، دھوئیں اور گردو غبار اور سموگ کی صورتحال انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہو سکتی ہے جس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرنا بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے شہریوں خصوصاً طلبہ سے کہا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام محکموں کے تعاون سے کوڑا کرکٹ کو جلانے پر پابندی اوردھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے علاوہ گردوغبار کے تدارک کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں نیز شہری بھی اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے موسمی تغیرات کے نقصانات پر قابو پانے کے لئے حکومت کے صحیح سمت میں اقدامات اور پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کی حفاظت سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے سموگ کی وجوہات،احتیاطی تدابیر اور مثاترین کے لئے علاج معالجہ بارے بھی آگاہ کیا۔