ڈیرہ غازی خان ۔ 28 ستمبر (اے پی پی):شہری سے گن پوائنٹ پر نقدی لوٹنے کے واقعہ کا ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سید حسنین حیدر نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے تھانہ کالا کی حدود میں فرحت عباس نامی شہری نے 15 اطلاع دی کہ میں شاہ صدر دین بینک سے رقم نکلوا کر جا رہا تھا،پل نوتک کے نزدیک نامعلوم ڈاکو مجھ سے گن پوائنٹ پر کیش چھین کر کے فرار ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ کالا نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی اور ڈی پی او کی ہدایت پر ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔اس حوالے سے ڈی پی او سید حسنین حیدر نے مزید ہدایت کی کہ کیش ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو جلد ٹریس کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔دریں اثناء تھانہ سخی سرور پولیس نےکارروائی کے دوران ملزم سے ناجائز اسلحہ کلاشنکوف برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سید حسنین حیدر کے احکامات کی روشنی میں ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ۔اسی سلسلہ میں تھانہ سخی سرور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد قاسم سے کلاشنکوف برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔