شہری شناختی کارڈ و دیگر دستاویزات بنوانے کیلئے جعلسازوں سے بچیں، ترجمان نادرا

169
NADRA

لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):نادرا نے شہریوں کو سوشل میڈیا پر نادرا سے ملتے جلتے ناموں سے بنائے گئے ویب پیجز اور ویب سائٹس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر اتھارٹی سے ملتے جلتے ناموں سے بنائے گئے جعلی پیجز، ویب سائٹس اور جعلی ایڈریس سے بھیجی جانے والی ای میلز اور میسجز کے ذریعے جعلی عناصر جعلسازی کی مختلف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

ترجمان نادرا نے کہا کہ یہ عناصر شہریوں کو نادرا سے متعلق خدمات میں معاونت کا جھانسہ دے کر ان کی شناختی معلومات اور فنگرپرنٹس حاصل کر لیتے ہیں اور ان کی پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ شناختی دستاویزات کیلئے نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کر کے اپنا قیمتی وقت اور رقم بچائیں اور حساس معلومات کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ نادرا وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ مل کر جعلسازوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے لہذا شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ ان عناصر کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن پر دیں۔