لاہور۔4جون (اے پی پی):پنجاب آئی ٹی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے شہریوں کیلئے پرہجوم منڈیوں کا دورہ کئے بغیر مویشیوں کی آن لائن خریداری کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی ٹی بی کی پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کیلئے وضع کردہ ای کیٹل مارکیٹ ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے شہریوں کو عیدالاضحی کے دوران آن لائن رجسٹریشن سے مویشیوں کی خریدوفروخت کی سہولت دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ سسٹم ڈیلرز کے ساتھ براہ راست رابطے کی اضافی سہولت کے علاوہ ہر جانور کی تصاویر اور ویڈیوز، وزن اور قیمتوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ہموار آپریشنز، شفافیت اور بہتر خدمات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے میں یہ سسٹم اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر
پی آئی ٹی بی نے یہ سسٹم مویشیوں کی خریدوفروخت میں آسانی لانے اور لائیو سٹاک کے شعبہ میں کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے وضع کیا ہے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا ہے کہ شہری اب پرہجوم منڈیوں کا دورہ کئے بغیر مویشیوں کی آن لائن خریدوفروخت کر سکتے ہیں، اس اقدام سے نہ صرف رش میں کمی آئے گی بلکہ وقت اور پیٹرول کی بھی بچت بھی ہو گی۔