ملتان۔ 22 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہر اولیاء کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے مختلف پارکس اور گرین بیلٹس کی اپ گریڈیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں واٹر ورکس روڈ پارک قلعہ کہنہ کی اپ گریڈیشن منصوبے کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے پارک کی تزئین و آرائش فوری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 63 ملین کی لاگت سے پارک کے ترقیاتی کام کو ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا،51 ملین کی لاگت سے منصوبے پر 82 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے۔
محمد علی بخاری نے کہا کہ واٹر ورکس پارک میں نئے جھولے ،واکنگ ٹریک اور بینچ بھی لگائے جارہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عرفان اور پی ایچ اے حکام نے ڈپٹی کمشنر کو پارک میں جاری کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔