راولپنڈی۔15نومبر (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اب تک ایک کروڑ 18لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کرلیا۔پولیس ترجمان کے مطابق 81 روز کے دوران 1753 ان فٹ گاڑیاں بند کر دی گئیں، 10985 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کئے گئے، قانون کی خلاف ورزی پر 01 کروڑ18 لاکھ 74 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے،بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 889 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی،غفلت کے مرتکب 28 ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں،
پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں، مالکان کے خلاف 52 مقدمات بھی درج کئے گئے۔ سی پی اوسید خالدہمدانی کا کہنا تھاکہ غفلت و کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی کارروائی ہو گی،شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔