شہر بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں ، جلد ہی شہر کے انفرااسٹرکچر میں بہتری نظر آئے گی،ڈی جی کے ڈی اے

66

کراچی۔ 19 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات کراچی کے ماہر انجینئرز کی زیر نگرانی شہر بھر میں ترقیاتی کام جاری ہے، جلد ہی شہر کے انفرااسٹرکچر میں بہتری نظر آئے گی۔جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے مجاہد کالونی میں جاری ترقیاتی کاموں کامعائنہ کرتے ہوئے کہی۔ دورہ کے دوران ڈی جی کے ڈی اے کو متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ گورنمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اے ڈی پی فنڈ کے تحت مجاہد کالونی میں 400ملین لاگت سے روڈ کی تعمیرات کا کام جاری ہے، حسین لاکھانی ہسپتال سے مجاہد کالونی نمبر 2 براستہ ناظم آباد نمبر 7 تک روڈ تعمیر کیا جارہا ہے جو کہ دو رویہ 150فٹ چوڑا اور ڈیڑھ کلومیٹر سے زائد پر مشتمل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آر سی سی پر مشتمل برساتی نالہ اور سڑکوں کے دونوں اطراف 24، 24 فٹ کے سروسز روڈز تعمیر کرنے کے ساتھ سٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔ڈی جی کے ڈی اے نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ افرادی اور مشینری قوت میں مزید اضافہ کرکے ترقیاتی کام مقررہ وقت سے قبل مکمل کیا جائے، سڑکوں کی تعمیرات کے دوران اعلیٰ معیار کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کی صورت میں مقامی افراد کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔اس موقع پر چیف انجینئر کے ڈی اے صمد جمالانی، ایگزیکٹو انجینئر جنید صدیقی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔