شہر بھر میں حادثات کے سدباب و محفوظ سفر کیلئے اقدامات کا آغاز،سی ٹی او لاہور

115
Amara Athar
Amara Athar

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ شہر بھر میں حادثات کے سدباب اور محفوظ سفر کیلئے موثر اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ٹرانسپورٹرز کو انسانی جانوں سے ہرگز کھیلنے نہیں دی جائے گی ۔جمعہ کے روز جاری بیان میں سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ،بغیر لائسنس موٹر سائیکلسٹ اور ایل پی جی گیس سلنڈر والی گاڑیوں،رکشوں کا لاہور میں داخلہ محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بغیر ہیلمٹ، بغیر لائسنس موٹرسائیکلسٹ اور ایل پی جی گیس سلنڈر استعمال کرنے والے رکشوں پبلک سروس وہیکلز ےک خلاف کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ راوی پل، سگیاں، ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو، اڈا پلاٹ، نوازشریف انٹرچیج کے علاہ ہربنس پورہ گجومتہ، صوئے آصل، بھٹہ چوک سمیت 10 مقامات پر نفری تعینات کی گئی ہے، ابتدائی طور پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلسٹ کو چالان کرکے شہر میں داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے لیکن آئندہ ہفتے سے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکلسٹ کا داخلہ مزید محدود کردیا جائے گا۔

عمارہ اطہر نے بتایا کہ ایل پی جی گیس استعمال کرنے والے رکشوں،ویگنوں کو بھی بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں، متعلقہ محکموں کے تعاون سے ایل پی جی گیس سلنڈر اتروا دئیے جائیں گے، بغیر لائسنس موٹرسائیکلوں کو فوری لائسنس بنوانے کی سہولت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد چالان کرنا نہیں، شہریوں کو قوانین کا تابع بنانا ہے۔