لاہور۔28جنوری (اے پی پی):لاہور پولیس صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ پولیس نے دوران پٹرولنگ اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے 4 ملزمان کو سلاخوں کے پیچھے بند کر دیا۔گرفتار ملزمان میں زریاب،نبیل، عثمان اور ابو بکر شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضہ سے 2 رائفلیں اور 2 پسٹلزبمعہ گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزمان پابندی کے باوجود علاقے میں اسلحہ لیکر گھوم رہے تھے۔مغلپورہ پولیس نے منشیات کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے 2رکنی گروہ کو منشیات کی بڑی کھیپ سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ملزمان ندیم اور نوید کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی 10کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں نوجوان نسل کو منشیات سپلائی کرتے تھے۔
ملت پارک پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے قتل کی سنگین واردات میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا۔اشتہاری مجرم ناصر ڈوگر تھانہ ساندہ کو دوہرے قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔ناصرنے 4 سال قبل سیشن کورٹ پیشی سے واپسی پر ذکااللہ اور راشد کا قتل کیا تھا۔اشتہاری مجرم ناصر کو جدید ٹیکنالوجی اور سی ڈی آر کی مدد سے شیخوپورہ سے حراست میں لیا گیا۔ڈولفن سکواڈ نے سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران ناجائز اسلحہ کی ترسیل و نمائش کے خلاف یکے بعد دیگر کاروائیاں کرتے ہوئے 5ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں بشیر، دانیال، عبدالرحیم، تنویر، مبشر اور حسیب شامل ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے 5 پستول، 02 رائفلیں، گولیاں،کارتوس و میگزینز برآمد کی گئیں۔ملزمان کو شاد باغ، ہربنس پورہ، شفیق آباد، مصری شاہ، اسلام پورہ کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔